لاہور۔( نمائندہ خصوصی):پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں شرکت کیلئے آسٹریلیاء اور نیوزی لینڈ کے نامور کھلاڑی پاکستان پہنچ گئے، جس کے بعد ٹورنامنٹ کی سرگرمیاں مزید تیز ہو گئی ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو
میں نیوزی لینڈ کے ڈیوون کونوے اور مارک چیپمیئن کو ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد مداحوں کے لیے اردو میں پیغام دیتے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں مارک چیپمیئن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہ’’ہم آگئے ہیں شیروز‘‘، جس پر شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا۔دوسری جانب ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل آسٹریلیاء کے اسٹار بیٹر اسٹیو اسمتھ بھی لاہور پہنچ گئے ہیں۔ ان کے
علاوہ تبریز شمسی، جوش فلپ، پیٹر سڈل اور ٹیم کے کوچ ٹم پین سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں اور جلد ٹیم کے ساتھ ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں حالیہ دنوں میں اہم تبدیلی کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت ٹورنامنٹ کو محدود کرتے ہوئے صرف دو شہروں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ میچز شائقین کے بغیر کرائے جائیں گے۔

