اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سینٹ نے اپوزیشن کی احساس راشن رعایت پروگرام کا دوبارہ آغاز کرنے کی قراداد مسترد کر دی جس پر اپوزیشن اراکین نے ایوان سے واک آﺅٹ کیا ۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر ثانیہ نشتر و دیگرکی جانب سے احساس راشن رعایت پروگرام کا دوبارہ آغاز کرنے کی قراداد پیش کی گئی جس پر وفاقی وزیر تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شاذیہ مری نے قراداد کی مخالفت کی۔شازیہ مری نے کہاکہ سابقہ حکومت نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ انہوںنے کہاکہ قانون میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے، جس کو قراداد کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن نے فراڈ کر کے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسے دوسرے پروگرامز میں استعمال کئے۔انہوںنے کہاکہ اگر سابق حکومت سچی ہوتی تو احساس پروگرام کے لئے فنڈز بھی مختص کئے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق کو مسخ کرنے، پراپیگنڈہ اور جھوٹ بولنے کی روایت ڈالی جارہی ہے ، جھوٹ بولا جارہا ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یہ قرارداد منظوری کےلئے ایوان میں پیش کی جس کو ایوان نے مسترد کردیا۔بعد ازاں پی ٹی آئی کے اراکین ایوان سے واک آﺅ ٹ کرگئے۔


