اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے حج انتظامات کیلئے 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق پیرکو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ای سی سی اجلاس کے ایجنڈا ایک نکاتی تھا جس میں نظرثانی شدہ حج کوٹہ کیلئے اضافہ فنانسنگ کی منظوری دے دی گئی۔جاری اعلامئے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے رواں مالی سال کے حج انتظامات کی منظوری دے دی ہے۔اعلامئے کے مطابق حج انتظامات کیلئے 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی مالی ضروریات کی منظوری دی گئی ہے، جب کہ ای سی سی نے 72 ہزار 869 درخواستوں کو بغیر قرعہ اندازی کے منظوری دے دی۔اس حوالے سے وزارت خزانہ نے بتایا کہ اس سال حج کیلئے درخواست دینے والے تمام افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے، رواں سال مجموعی طور پر 72ہزار 869افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ انتہائی مہنگا حج ہونے کے باعث رواں سال مقررہ تعداد سے کہیں کم درخواستیں موصول ہوئیں، جس کی وجہ سے حکومت نے قرعہ اندازی نہ کرنے اور تمام درخواست دہندگان کو حج پر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔


