انقرہ۔ (نمائندہ خصوصی )وزیرِ اعظم شہباز شریف ترکی کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وفد کے ہمراہ وطن واپس روانہ ہو گئے۔جمعرات کو ایسن بوعا ایئر پورٹ پر ترکی کے وزیرِ تجارت ڈاکٹر مہمت موش نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 31 مئی سے 2 جون تک ترکی کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا۔ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا ترکی کا یہ پہلا دورہ تھاوزیراعظم شہبازشریف نے دورہ کے دوران صدر رجب طیب اردوان سے وَن آن وَن ملاقات کی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوئی۔صدر اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی 6 یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی ۔دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر مشترکہ لوگو جاری کیا گیا۔دونوں ممالک نے یہ سالگرہ شایان شان طریقے سےمنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے صدر طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ۔دورہ کے دوران وزیراعظم نے ترکی کی ممتاز کاروباری اور مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے پاکستان ترکی بزنس کونسل فورم سے بھی خطاب کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔۔ وزیراعظم نے جدید ترکی کے بانی مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر بھی حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعظم نے ترک وزیر خارجہ ، وزیر صحت اور وزیر تجارت سے بھی ملاقاتیں کیں۔