انقرہ ( نیٹ نیوز ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکی کی ممتاز کمپنیوں کے سربراہان نے بدھ کو یہاں ملاقات کی اور پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مختلف منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انقرہ میں ترک سرمایہ کاروں نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم سے سیاہ قلم انجینئرنگ کے وفد نے کمپنی کے صدر سنگیز اوزدمیر کی قیادت میں ملاقات کی اور وزیرِ اعظم کی قیادت میں موجودہ حکومت کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر اعتماد اور کمپنی کی طرف سے سولر، ونڈ، پن بجلی، ویسٹ مینجمنٹ اور ہائوسنگ کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ترکی کی ممتاز کمپنی آرچیلک کے وفد نے کمپنی کے چیف کمرشل آفیسر سان دنسر کی زیر قیادت میں ملاقات میں پاکستان کی حکومت کی طرف سے بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم سے زورلو انرجی ترکی کے وفد نے سی ای او سینان اے کے کی زیر قیادت ملاقات میں وزیرِ اعظم کو پاکستان میں زورلو کی توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس کےعلاوہ وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ چار سال سےگزشتہ حکومت کی غفلت کی وجہ سے جن منصوبوں پر کام رکا ہوا تھا ان کو اس حکومت کے آتے ہی شروع کیا گیا جو وزیرِ اعظم شہباز شریف کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کو ترجیح دینے کا ثبوت ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے البیراک کمپنی کے وفد نے صدر احمد البیراک کی زیر قیادت ملاقات میں وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا کہ گزشتہ حکومت میں کمپنی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا اور اس پرپاکستان چھوڑنے کیلیے دباؤ ڈالا گیا اور ان کے ورکرز کو بلاوجہ گرفتار کرکے جیل میں رکھنے کے ساتھ ساتھ ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ افسوس اور دکھ کا مقام ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری روکنے کی مذموم سازش کی گئی، گزشتہ حکومت نے پچھلی حکومتوں کے تمام منصوبوں کو سیاسی دشمنی میں تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرمایہ کاروں کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے معاہدے میں 90 ملین ڈالر بچائے۔کمپنی کے وفد نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر گہرے اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے ان کے تمام مسائل کو حل کرنے کے یقین دہانی کراتے ہوئے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے حیات کیمیا کمپنی کے وائس پریزیڈنٹ علی زیبک کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی اور حیات کیمیا کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ملک میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے تمام مسائل کا سد باب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔