لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے وفد نے ملاقات کی۔ چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں جدید گرین اکنامک زون قائم کرنے
کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین اکنامک زون کی تجویز پر آمادگی کا اظہار کیا اور عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان بھی کیا۔گرین انڈسٹریل زون کے قیام سے 18 ہزار سے زائد افراد کو جدید روزگار ملنے اور سالانہ 5.6 ارب روپے آمدن کی توقع ہے۔ گرین اکنامک زون میں سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گراؤنڈ سورس انرجی، بیٹری سٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ماحول دوست مصنوعات کی ایکسپورٹ سے ملک
کی جی ڈی پی میں 1.5 فیصد تک اضافے اور علاقائی معیشت کو بڑی تقویت کی پیشگوئی ہے۔ جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر کے ذریعے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی اور نیٹ زیرو اہداف کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر سرمایہ کار کو خوش آمدید کہتے ہیں، پنجاب ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ پنجاب میں تمام نئے کاروبار اور صنعتیں شروع کرنے کے لیے ”زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ“پالیسی نافذ کی گئی ہے۔
سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن اور تمام این او سیز کی فوری فراہمی کا یکجا نظام قائم ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں تمام انتظامی و بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک، مکمل محفوظ اور پرامن تجارتی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ پنجاب کو جدید ترین گرین انڈسٹری اور تجارتی سرگرمیوں کا عالمی مرکز بنائیں گے۔

