اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان عوامی پارٹی کے شعبہ خواتین کی سربراہ چیئرپرسن ایمان پاکستان تحریک محترمہ فرح عظیم شاہ نے آج اسلام آباد میں بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) اور ایمان پاکستان تحریک کے اشتراک سے منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ کی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
کھیلوں کا فروغ دراصل نوجوانوں کو مثبت سمت دینے، امن کے قیام اور قومی یکجہتی کو مضبوط کرنے کی ایک مؤثر سیاسی و سماجی حکمتِ عملی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی سیاست کو انتشار اور نفرت کے بجائے اتحاد، امن اور عوامی خدمت کا ذریعہ سمجھتی ہے۔ اسلام آباد جیسے وفاقی دارالحکومت میں اس ٹورنامنٹ کا انعقاد اس بات کا واضح پیغام ہے کہ باپ پارٹی اور ایمان پاکستان تحریک قومی سطح پر ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں۔میڈم فرح عظیم شاہ نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں اور شرکاء کی جانب سے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے عزم کا اعادہ اور پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ باپ پارٹی عوام کے دلوں میں اپنی جگہ مضبوط کر چکی ہے۔ یہ اعتماد ہماری سیاسی سمت اور عوام دوست پالیسیوں کی توثیق ہے۔

