کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی)رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان عوامی پارٹی کے شعبہ خواتین کی سربراہ اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اکثر سیاستدان دوہرا کردار ادا کر رہے ہیں۔ حال ہی میں منعقدہ ایک ایونٹ میں مکران ڈویژن سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں
نے انہیں بتایا کہ جب وہ اپنے منتخب نمائندوں کے پاس اپنے مسائل اور علاقے کی محرومیوں کے حل کے لیے جاتے ہیں تو انہیں یہ کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے کہ ان کے پاس کوئی اختیار نہیں، اس لیے وہ کچھ نہیں کر سکتے۔ اگر واقعی کسی منتخب نمائندے کے پاس عوام کے مسائل حل کرنے کا اختیار نہیں تو پھر اسے اس منصب پر رہنے کا بھی کوئی جواز نہیں، اسے اپنی نشست چھوڑ دینی چاہیے تاکہ کوئی ایسا شخص آئے جو عوام کی نمائندگی کا حق ادا کر سکے۔ افسوس کی
بات یہ ہے کہ منتخب نمائندوں کی ذاتی زندگی مسلسل بہتر ہوتی جا رہی ہے، ایک گھر سے کئی گھر، ایک گاڑی سے کئی گاڑیاں اور بچوں کی بیرونِ ملک تعلیم کا انتظام ہو جاتا ہے، مگر جن علاقوں کے عوام نے انہیں منتخب کیا وہ آج بھی ترقی، بنیادی سہولیات اور خوشحالی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب وعدے نہیں بلکہ عملی کارکردگی اور حقیقی خدمت دیکھنا چاہتے ہیں۔

