اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) کے ڈائریکٹر برائے ترقیاتی امور سام والڈاک نے منگل کو یہاں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون، جاری ترقیاتی اقدامات اور پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اقتصادی امور ڈویژن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ٹیرف پالیسی میں اصلاحات اور شعبہ جات سے متعلق جامع پالیسیوں بشمول موبائل پالیسی، صنعتی پالیسی اور معاشی مسابقت کو بڑھانے و پائیدار نمو کو فروغ دینے والے دیگر اقدامات کے لیے حکومت کی جاری کوششوں کا خاکہ پیش کیا۔سام والڈاک نے ٹیرف پالیسی اصلاحات پر حکومتی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور مختلف شعبوں کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا۔انہوں نے اہم شعبوں میں جاری تعاون کے ذریعے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کی حمایت کے لیے برطانیہ کے مسلسل عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اقتصادی امور
احد چیمہ نے اسٹریٹجک انیشیٹو یونٹ (ایس آئی یو) کے لیے ایف سی ڈی او کے قیمتی تعاون کو سراہا جو مربوط ڈیلیوری میکانزم کے ذریعے پالیسیوں کے نفاذ کو مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے ادارہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں گورننس ریفارمز یونٹ کی معاونت پر بھی ایف سی ڈی او کا شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے موجودہ طریقہ کار سے ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور مارکیٹ کے استحکام میں مدد ملی ہے جس سے زیادہ شفافیت اور کارکردگی قائم ہوئی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ذاتی طور پر ہفتہ وار اجلاسوں کی صدارت کرتے ہیں اور موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ترقیاتی اقدامات و اہم مالیاتی منصوبوں کی باریک بینی سے نگرانی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت منظور شدہ ترقیاتی روڈ میپ کی سختی سے پیروی کرنے کے لیے پرعزم ہے جس کے لیے پلاننگ کمیشن اور دیگر متعلقہ شعبے باہم مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ منصوبہ بندی کو بہتر بنانے، کارکردگی میں اضافے اور عوامی وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنانے کے لیے تمام نئے ترقیاتی منصوبوں کا پیشگی تجزیہ کیا جائے گا۔سام والڈاک نے پاور اور پٹرولیم کے شعبوں میں حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کی اور شعبہ جاتی کارکردگی، شفافیت اور پائیداری کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا اعتراف کیا۔ سام والڈاک نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور برطانیہ اپنے مشترکہ ترقیاتی اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے پاکستان کی ترقی اور اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے برطانیہ کی دیرینہ شراکت داری اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

