اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے نوجوان طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی، دیانت داری، مستقل مزاجی اور محنت کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ تعلیم انفرادی ترقی اور قومی خوشحالی کی بنیاد ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ کے شہر میرپورخاص کے ڈاکٹر جی ایم پنہور انسٹی ٹیوٹ آف نالج، لرننگ اینڈ سکل کے 50 طلبہ پر مشتمل وفد نے جو ملک کی مختلف جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، تعلیمی مطالعاتی دورے کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان کا دورہ کیا
اور چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی۔چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے تعلیمی مقاصد کے حصول کے لیے لگن، نظم و ضبط، عزم اور مسلسل سیکھنے کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کے لیے خود کو تیار کرنا چاہیے۔چیف جسٹس نے ڈاکٹر جی ایم پنہور انسٹی ٹیوٹ آف نالج، لرننگ اینڈ اسکل کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ خطے کے باصلاحیت نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ تحقیق، اختراع اور تخلیقی سوچ کو فروغ دیں، ذمہ دار شہری بنیں اور معاشرے و ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ محنت، عزم اور لگن کے ذریعے یہ نوجوان اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کریں گے اور مستقبل میں پاکستان کی خدمت امتیازی انداز میں انجام دیں گے۔

