لاہور/ نارووال۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ دشمن اپنی شکست کا بدلہ ملک میں دہشت گردی کے ذریعے لے رہا ہے،معرکہ حق کی طرح اس بار بھی دشمن کو عبرت کا نشان بنائیں گے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو نہ صرف ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، نوجوان ہمارا قومی اثاثہ ہیں،صحت کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے جدید تقاضوں کو اپنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نارووال میڈیکل کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں، معدنی وسائل، زراعت اور صنعت سے بڑھ کر پاکستان کے پاس نوجوانوں کی دولت ہے۔انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان کے تحت حکومت کی حکمت
عملی کا بنیادی نقطہ یہ ہے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کے مواقع فراہم کریں۔ وفاقی وزیر نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب نوجوان اپنی محنت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو دنیا کی صف اول کی معیشت بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نارووال میڈیکل کالج کے طلبا و طالبات نے ادارے کے قیام کے بعد پہلے ہی مرحلے میں سوفیصد رزلٹ دے کر ملکی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے،میں سمجھتا ہوں کہ نارووال میڈیکل کالج کی فیکلٹی کی میرٹ پر تعیناتیوں سے یہ شاندار نتیجہ سامنے آیا، کامیابی کے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے مسلسل محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر امن، استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل میں ہے، اسی تسلسل اور مسلسل محنت سے نارووال کو علم کا مرکز بنایا، خواہش ہے کہ نارووال میڈیکل کالج میڈیسن کے شعبے میں سنٹر آف ایکسیلینس بنے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے جدید تقاضوں کو اپنانا ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ صحت کا شعبہ نوجوانوں کی سب سے زیادہ توجہ کا طالب ہے،بیماریوں، جسمانی طور پر لاغر اور کند ذہن کے ساتھ ہم دنیاکا مقابلہ کیسے کریں گے،صحت کی بہترین حکمت عملی لوگوں میں بیماریوں سے بچا ئو کا شعور پیدا کرنا ہے،اس سلسلے میں سوشل موبلائزرز کے ذریعے لوگوں میں بیماریوں کا شعور پیدا کرنے کے لئے سوشل موبلائزیشن کی قومی مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں مشکل فیصلوں سے نہ صرف ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو نشان عبرت بنایا، دشمن اب اپنی شکست کا بدلہ ملک میں دہشت گردی اور انتشار کے ذریعے لے رہا ہے معرکہ حق کی طرح اس بار بھی دشمن کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

