کراچی( نمائندہ خصوصی): چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان، کوکب اقبال نے حکومت کی جانب سے یوٹیوب، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے رات بارہ بجے کے بعد استعمال پر پابندی کی مجوزہ تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ اقدام نافذ کیا جاتا ہے تو اس کے نوجوان نسل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کل نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد رات گئے تک سوشل میڈیا، چیٹنگ اور غیر ضروری آن لائن
سرگرمیوں میں مصروف رہتی ہے، جس کی وجہ سے ان کی نیند، صحت، تعلیم اور پیشہ ورانہ کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ دیر تک جاگنے کے باعث نوجوان صبح بروقت نہیں اٹھ پاتے، جس سے ان کی روزمرہ زندگی اور ذمہ داریوں پر منفی اثر پڑتا ہے۔کوکب اقبال نے کہا کہ اگر حکومت اس منصوبے پر عمل درآمد کرتی ہے تو اس سے نوجوانوں میں نظم و ضبط، صحت مند طرزِ زندگی اور تعلیمی و پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا شعور مزید فروغ پائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت قومی مفاد اور نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تجویز پر سنجیدگی سے عمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے پر بعض نوجوانوں کی جانب سے ردِعمل یا مزاحمت سامنے آ سکتی ہے، تاہم حکومت کو چاہیے کہ وہ قوم اور آنے والی نسلوں کے وسیع تر مفاد میں ایسے مثبت اقدامات سے پیچھے نہ ہٹے۔کوکب اقبال نے والدین، اساتذہ اور سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال، متوازن ڈیجیٹل طرزِ زندگی اور وقت کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کریں۔

