لاہور( نمائندہ خصوصی)سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز، لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کے عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے پاکستان ریلویز اور حکومتِ پنجاب کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ ترقیاتی
منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سینیئر وزیر پنجاب نے حکومتِ پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں موجود تمام اَن مینڈ لیول کراسنگز کو مینڈ کراسنگز میں تبدیل کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس مقصد کے لیے 177 لیول کراسنگز کی اپ گریڈیشن پر تقریباً 9.7 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، جس سے ریلوے
پھاٹکوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔اجلاس میں پنجاب کے آٹھ ریلوے روٹس پر جدید ڈیزل ملٹی پل یونٹس (DMUs) چلانے کے منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں امپلیمینٹیشن ایم او یو تیار کیا جا رہا ہے جبکہ نیسپاک کی ٹیموں نے منصوبے کے تحت سروے کا آغاز کر دیا ہے۔ شاہدرہ۔نارووال سیکشن کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔ ایم او یو کے تحت ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف
اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومتِ پنجاب نے ریلوے تنصیبات کے اطراف خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے پارکس کے قیام کے لیے بجٹ مختص کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک کے اطراف 40 پارکس تعمیر کیے جائیں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز ایک ویژنری لیڈر ہیں جنہیں عوامی فلاح و بہبود کا بھرپور احساس ہے۔ انہوں نے کہا
کہ لیول کراسنگز کی بہتری سے حادثات میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ ڈی ایم یوز کی سروس کے آغاز سے پنجاب میں عوام کو تیز، محفوظ اور جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔وفاقی وزیر نے حکومتِ پنجاب کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلویز اور حکومتِ پنجاب کے درمیان مضبوط اشتراک سے نہ صرف ریلوے انفراسٹرکچر کو جدید بنایا جائے گا بلکہ مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

