کراچی ( نمائندہ خصوصی)مرکزی صدر اہلِ سنت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی، اہلِ سنت والجماعت کراچی ڈویژن کے صدرعلامہ رب نواز حنفی، جنرل سیکریٹری علامہ تاج محمد حنفی،مولانا محی الدین شاہ الحسینی، مولانا عبدالرافع، مولانا عمر معاویہ اور دیگر رہنماؤں نے یمن سے مملکتِ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن، اسلامی
دنیا کے استحکام اور مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملوں کو بروقت ناکام بنانا قابلِ تحسین اقدام ہے، جس نے ممکنہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رکھا۔ مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام پوری امتِ مسلمہ کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کی دینی و ایمانی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے مسلسل میزائل اور ڈرون حملے پورے خطے کو عدم استحکام، بدامنی اور کشیدگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ پراکسی گروہوں کے ذریعے برادر اسلامی ممالک کو نشانہ بنانے کی پالیسی امتِ مسلمہ کے اتحاد، اخوت اور علاقائی امن کے منافی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں امن کو نقصان پہنچانے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کا فوری اور مؤثر نوٹس لیں، حوثی ملیشیا کی جارحیت کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں اور مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اور علاقائی تنازعات کا حل مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قوانین اور باہمی احترام میں ہے، نہ کہ میزائل حملوں، دہشت گردی اور پراکسی جنگوں میں۔اہلِ سنت والجماعت پاکستان کی قیادت نے مملکتِ سعودی عرب کی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مملکتِ سعودی عرب، حرمین شریفین اور تمام سعودی عوام کو ہر قسم کے شر، فتنہ اور جارحیت سے محفوظ رکھے، عالمِ اسلام کو امن، اتحاد اور استحکام عطا فرمائے۔ آمین۔

