کراچی( نمائندہ خصوصی بی بی سی اردو ڈاٹ کام)کراچی سے 155 میل مغرب میں اورماڑا کے قریب سمندر پر نجی کمپنی کا کارگو طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا ہے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی۔لاپتہ طیارے نے شام 7 بج کر 12 منٹ پرپرواز کی تھی ، جس نے 9 بج کر 20 منٹ پر کراچی میں لینڈ کرنا تھا، ڈائریکٹر جنرل پی اے اے ایئریا کنٹرول سینٹر پہنچ گئے ہیں۔طیارہ 34 ہزار فٹ کی
بلندی پر پرواز کرتے ہوئے لاپتہ ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 5 افراد سوار ہیں، جن میں پائلٹ، فرسٹ آفیسر، فلائٹ انجینئر اور 2 ایئر کرافٹ انجینئرز شامل ہیں۔طیارے میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، ایئرکرافٹ انجینیئر محمد حامد اور ایئرکرافٹ انجینیئر محمد عارف صدیقی سوار تھے۔طیارہ ضروری مرمت کیلئے شارجہ گیا تھا، کارگو طیارہ KTA1732، بوئنگ 400-737، رجسٹریشن AP-BOI، شارجہ سے کراچی آرہا تھا۔

رات 9 بجکر 18 منٹ پر کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی، جس پر طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔اسی دوران طیارہ دائیں جانب مڑتا اور تیزی سے بلندی کھوتا دیکھا گیا، طیارے کی گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ تھی، طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

کے ٹو ایئرویز کے لاپتہ کارگو طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کو وسیع کر دیا گیا ہے اور پاکستانی بحریہ، فضائیہ اور دیگر ادارے بھی اس میں شامل ہو چکے ہیں۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی بحریہ کا جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی فضائیہ کے اثاثے بھی تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔بیان کے مطابق پاکستانی بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ تربت سے پرواز کر چکا ہے، جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کا تجارتی جہاز لاہور بھی جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف ادارے مشترکہ طور پر تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شارجہ سے کراچی آنے والی کے ٹو ایئرویز کی بوئنگ 737 کارگو پرواز لاپتہ ہو گئی ہے، جس میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق پرواز نے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 18 منٹ پر نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی، جس کے بعد کراچی ایریا کنٹرول سینٹر (اے سی سی) نے فوری طور پر طیارے کی رہنمائی کی۔بیان کے مطابق رات 9 بج کر 21 منٹ پر ریڈار پر طیارہ تیزی سے نیچے آتا ہوا نظر آیا اور اس کا رخ اچانک تبدیل ہوتا دیکھا گیا، جس کے بعد کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو فعال کر دیا گیا، جبکہ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے مختلف اداروں کے تعاون سے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
