اسلام آباد کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی) بلوچستان عوامی پارٹی ویمن ونگ کی سربراہ ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن اور رکن بلوچستان اسمبلی محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی پر دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوا ہے، پاکستان نے خطے میں امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی نہ صرف خطے کے امن کے لیے خوش آئند ہے بلکہ اس کے نتیجے میں پاکستان کے لیے بھی نئے معاشی اور تجارتی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس سازگار صورتحال
سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔رکن بلوچستان اسمبلی محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت اس حوالے سے بہترین حکمت عملی اختیار کر رہی ہے اور ایسے تمام مواقع کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث پاکستانی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومت معیشت کی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ خطے میں امن و استحکام کے قیام سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کی رفتار بھی تیز ہوگی۔محترمہ فرح عظیم شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، مذاکرات اور باہمی احترام کی پالیسی کا حامی رہا ہے اور عالمی سطح پر اس کا مثبت کردار مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے میں پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت کے ثمرات پاکستان سمیت پورے خطے کے عوام تک پہنچیں گے۔

