کوئٹہ( نمائندہ خصوصی)رکن صوبائی اسمبلی اور ایمان پاکستان کی چیئرپرسن محترمہ فرح اعظیم شاہ نے ڈی اے جی نمائندہ محمد ثاقب ناز کو انٹرویو دیتے ہوے کہاں کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کے مالک ہیں، لیکن انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب مواقع درکار ہیں۔ ایمان پاکستان کا مقصد نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر
اپنا اور بلوچستان کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ ایمان پاکستان کے پروگرام صرف چند شہروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے بلوچستان میں مرحلہ وار منعقد کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو بھی یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے تعلیم، ہنر، کھیل، ثقافت اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے مختلف شعبوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔فرح اعظیم شاہ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور اگر انہیں مناسب رہنمائی اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ ایمان پاکستان نوجوانوں کی ترقی، خود اعتمادی اور روشن مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایمان پاکستان کے پلیٹ فارم سے بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور ان کے ٹیلنٹ کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے سامنے متعارف کرایا جائے گا، تاکہ صوبے کا مثبت اور روشن تشخص مزید نمایاں ہو سکے۔

