کوئٹہ اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان عوامی پارٹی ویمن ونگ کی سربراہ اور ایمان پاکستان تحریک کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے ایک پوڈ کاسٹ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ غربت انسان کو ایسے فیصلوں پر مجبور کر دیتی ہے جن کا تصور بھی مشکل ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک
معذور بچی، جو انتہائی متحرک اور باصلاحیت تھی، تعلیم حاصل کرنے کا بے حد شوق رکھتی تھی، لیکن غربت اورعلاج کی سہولیات نہ ہونے کے باعث معمولی بخار کے بعد معذوری کا شکار ہو گئی۔ فرح عظیم شاہ کے مطابق جب اس بچی کی کہانی ان کے سامنے آئی تو اس کی سوچ نے انہیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ اس بچی کو پیسوں کی پیشکش کی گئی اور اسے ایک خطرناک واقعے میں شامل ہونے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ جب اس سے اس کے فیصلے کی وجہ پوچھی گئی تو اس نے جواب دیا: "میں تو ویسے بھی معذور ہوں، اگر یہ پیسے لے کر کہیں پھٹ بھی جاؤں تو کم از کم میرے گھر والوں کو کچھ مل جائے گا اور انہیں کچھ سہولت میسر آ جائے گی۔”فرح عظیم شاہ نے کہا کہ یہ صرف ایک بچی کی کہانی نہیں بلکہ معاشرے میں پھیلی غربت، محرومی اور بے بسی کی عکاس ہے۔

