اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت سے آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے معمول کی بجٹ سے قبل مشاورت کے سلسلے میں ملاقات کی۔ بدھ کو نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں رواں اخراجات اور ترقیاتی اخراجات کی ترجیحات، بالخصوص پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP)، کے علاوہ مالیاتی استحکام،
عوامی فلاحی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور مالی سال 2026-2027 کے لیے جامع و ہمہ گیر اقتصادی ترقی سمیت وسیع تر معاشی ترجیحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات میں متفقہ طور پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو یہ سفارش بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا کہ مالیاتی سال 2027–2026 کا بجٹ بدھ، 10 جون 2026 کو پیش کیا جائے۔ ملاقات میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، رکنِ قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیرِ آبپاشی سندھ جام خان شورو، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

