لاہور(نمائندہ خصوصی):عید الاضحی کا دوسرا دن، پنجاب میں عید صفائی آپریشن کامیابی سے جاری، وزیراعلی مریم نواز صفائی آپریشن کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔ان خیا لات کا اظہار صوبا ئی وزیر اطلا عات عظمی بخاری نے یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھانے کا لائیو ڈیٹا لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹ ہو رہا ہے، پنجاب کے تمام شہری و دیہی علاقوں میں ستھرا پنجاب کی ٹیمیں ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہیں، عظمی بخاری نے کہا کہ عید کے پہلے روز1 لاکھ20 ہزار ٹن سے زائد الائشیں اٹھائی گئیں، ابتک لاہور ڈویژن سے29 ہزار ٹن آلائشیں
اٹھائی گئی ہیں جبکہ ستھرا پنجاب کے1 لاکھ 84 ہزار ورکرز مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ الائشوں کو بروقت اٹھانے کے بعد گلی محلوں اور سڑکوں کو اچھے طریقے سے دھویا جا رہا ہے جس کا شہریوں کی جانب سے مثبت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بڑی تعداد میں جانوروں کی قربانی ہوتی ہے اس لحاظ سے اتنا ہی بڑا صفائی آپریشن جاری ہے۔عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں کا میاب سر جری ہوئی ہے جس کے بعد وہ گھر منتقل ہو گئیں ہیں۔سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنی سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں میجر سرجری ہوئی ہے،جس کے بعد وہ گھر منتقل ہو گئی ہیں۔عید کے دن وزیر اعلی مریم نواز نے ہسپتال سے صوبے میں سکیورٹی اور صفائی سمیت دیگر تمام امور کی براہ راست خود نگرانی کی۔
