لاہور(نمائندہ خصوصی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہری دن ہے جب پوری قوم نے اتحاد، خودمختاری اور دفاعی قوت کے عزم
کا عملی مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمارے عظیم سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور قومی قیادت کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ28 مئی 1998 کو شدید عالمی دبائو کے باوجود سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکوں کا تاریخی فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بن کر ابھرا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے جوہری تجربات کے جواب میں پاکستان کے کامیاب ایٹمی دھماکوں نے خطے میں طاقت کا توازن
بحال کیا اور دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کے جرات مندانہ فیصلوں، مضبوط دفاع اور قومی خودمختاری کی روشن علامت ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی عسکری صلاحیت، قومی اتحاد اور مضبوط دفاع کا عملی مظہر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ہر محاذ پر دشمن کو موثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
