راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):عیدالاضحیٰ کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت نے پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے قومی اتحاد، قربانی اور وطن سے وفاداری کے عزم کو دہرانے کا پیغام دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مسلح افواج نے شہدائے پاکستان، سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات)، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف (نشان امتیاز، نشان امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت )اور
چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات )نے پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کی ہیں۔ جاری بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملک میں دیرپا امن، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے دعاگو ہیں جبکہ پاکستانی عوام کے عزم و حوصلے اور ان شہداء، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جو وطن کے تحفظ کے لیے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں۔عیدالاضحیٰ قربانی، ایمان اور یکجہتی کی علامت ہے۔پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے اپنے مقدس فرض کی ادائیگی کے لیے ثابت قدم ہیں اور امن و استحکام کے قیام کی قومی کوششوں میں ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔اس بابرکت موقع پر شہدائے پاکستان کے اہل خانہ کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے جن کی بے مثال قربانیاں قوم کی بنیادوں کو مزید مضبوط بناتی ہیں، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔

