اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):چیف آف آرمی سٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی میں اپنے اہم کردار کے باعث عالمی سطح پر مسلسل پذیرائی حاصل کر رہے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز اور دیگر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا حالیہ دورہ تہران مذاکرات کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم کرنے میں نہایت اہم ثابت ہوا۔ایرانی قیادت بشمول ایرانی صدر مسعود پزشکیاں اور دیگر اعلیٰ حکام سے ان کی ملاقاتوں کے دوران ایک مجوزہ مسودے کو حتمی شکل دینے میں پیش رفت ہوئی جسے بعدازاں ایرانی اور امریکی حکام کو جائزے کے لیے پیش کیا گیا۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی مذاکرات میں نمایاں پیش رفت کا اعتراف
کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کی بدولت معاہدہ حتمی مراحل کے قریب پہنچ چکا ہے۔مارکو روبیو نے مذاکرات میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی سہولت کاری سے جاری سفارتی رابطوں نے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد مواقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لیے اپنی گہری قدر و تحسین کا اظہار کر چکے ہیں اور انہیں ’’میرا پسندیدہ فیلڈ مارشل‘‘ قرار دے چکے ہیں۔ٹرمپ کی جانب سے مسلسل تعریف امریکی قیادت کے پاکستان کی قیادت پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔یہ باہمی اعتماد ثالثی کے عمل میں بنیادی ستون ثابت ہوا جس نے پاکستان کو ایک موثر اور غیر جانبدار پل کا کردار ادا کرنے کے قابل بنایا۔مشرق وسطیٰ کی پیچیدہ جغرافیائی و سیاسی صورتحال میں پاکستان واحد ملک کے طور پر سامنے آیا ہے جو مجوزہ معاہدے کو موجودہ اہم مرحلے تک پہنچانے میں کامیاب رہا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ تہران اور اس کے بعد مجوزہ فریم ورک کی دونوں فریقوں تک رسائی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔تجزیہ کار اس کامیابی کو پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیتے ہیں جس نے حساس سفارتی معاملات میں پاکستان کو ایک مستحکم اور قابل اعتماد پلیٹ فارم فراہم کیا۔امریکہ اور چین کے درمیان ماضی میں مذاکراتی کردار سمیت پاکستان کی مثبت سفارتی روایت بھی اسے عالمی سطح پر ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر مضبوط بناتی ہے۔یہ تازہ سفارتی کامیابی عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار کی عکاس ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور قومی قیادت کی بصیرت افروز رہنمائی میں پاکستان دنیا کے سب سے حساس خطوں میں امن، استحکام اور مثبت سفارتی روابط کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا

