راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے 11 خوارج کو ہلاک کر دیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان کے ضلع دتہ خیل میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں
کو نشانہ بنایا۔شدید اور بھرپور فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، مارے جانے والے خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں چھپے باقی خوارج کے خاتمے کے لیے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ وژن کے مطابق کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں،سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

