انقرہ، (نمائندہ خصوصی):ترکیہ کی پارلیمنٹ کے رکن اور ترکیہ-پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کے صدر علی شاہین نے پاکستان کے بلوچستان کے علاقے میں مسافر ٹرین پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔اتوار کواپنے سرکاری بیان میں علی شاہین نے پاکستان کے ساتھ ترکیہ کی مکمل یکجہتی کا اظہار
کیا اور برادرانہ قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد رہنے کی تلقین کی۔علی شاہین نے شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بلوچستان میں مسافر ٹرین پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ترکیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،پاکستان اکیلا نہیں ہے،ہم کبھی بھی دہشت گردی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کی تمام قسم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور حمایت کرتا ہے اورسیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔ترکیہ اور پاکستان گہری برادرانہ روابط،مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور تاریخی بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک امن، استحکام اور علاقائی سلامتی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

