اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جُنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر پورٹ نے 53 ہزار میٹرک ٹن سے زائد اسٹیل بلیٹس لے کر آنے والے ایک بڑے گہرے ڈرافٹ کے حامل کارگو بحری جہاز کو کامیابی سے لنگر انداز اور ہینڈل کر کے ایک اہم آپریشنل سنگِ میل حاصل کر لیا ہےجو خطے میں ٹرانس شپمنٹ مرکز کے طور پر بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کا مظہر ہے۔اتوار کوجاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہانگ کانگ/چین سے آنے والا بحری جہاز ’’ایم وی بی آئی جیا شان‘‘ ، جس کی قیادت کیپٹن لی ہان کر رہے تھے، 24 مئی 2026 کو گوادر پورٹ پر بحفاظت لنگر انداز ہوا۔ جہاز میں تقریباً 53 ہزار 277اعشاریہ 42 میٹرک ٹن اعلیٰ معیار کے اسٹیل بلیٹس موجود تھے، جن کی تعداد تقریباً 20 ہزار 669 تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن اس لحاظ سے بھی اہم تھا کہ جہاز کا ڈرافٹ تقریباً 12 اعشاریہ
8 میٹر تھاجس سے گوادر پورٹ کے گہرے سمندری نیویگیشن چینل اور جدید کارگو ہینڈلنگ انفراسٹرکچر کی مؤثریت ثابت ہوتی ہے۔بیان کے مطابق جہاز چین کی بیاؤچوان پورٹ سے روانہ ہوا تھا اور اصل میں عمان کی صحار پورٹ جانے والا تھا، تاہم ٹرانس شپمنٹ آپریشنز کے لیے اس کا رخ گوادر کی جانب موڑ دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ امر عالمی شپنگ کمپنیوں کے گوادر کی اسٹریٹجک اہمیت اور آپریشنل تیاری پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اتنے بڑے بحری جہازوں کی کامیاب ہینڈلنگ سے گوادر پورٹ کا کردار مزید مضبوط ہو رہا ہے جو چین، مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا اور دیگر علاقائی منڈیوں کے درمیان بحری تجارتی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نےکہا کہ گہرے سمندر میں چلنے والے جہازوں کی مسلسل آمد اور مؤثر انداز میں ہینڈلنگ گوادر کی بڑھتی ہوئی بحری صلاحیت اور عالمی سپلائی چین میں ایک جدید گہرے پانی کی بندرگاہ کے طور پر اس کی مسابقتی حیثیت کو ظاہر کرتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ وزارتِ بحری امور اور گوادر پورٹ حکام محفوظ، مؤثر اور کم لاگت بندرگاہی آپریشنز کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے علاقائی روابط اور بین الاقوامی تجارتی راستوں میں کردار کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

