اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان، مصر، ترکیہ،انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے غزہ جانے والے فلوٹیلا کے شرکاء کے ساتھ اسرائیلی حراست کے دوران انتہا پسند اسرائیلی وزیر ایتامار بن گویر کی جانب سے کیے گئے ہولناک، توہین آمیز اور ناقابلِ قبول اقدامات کی مذمت کی ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق گروپ آف ایٹ)جی ایٹ( عرب۔اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ میں زور دیا کہ بن گویر کی جانب سے زیرِ حراست افراد کی دانستہ تذلیل انسانی وقار پر شرمناک حملہ اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف
ورزی ہے۔انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف بن گویر اور اسرائیلی فورسز کی جانب سے کی جانے والی غیر قانونی اور انتہا پسندانہ اشتعال انگیزی اور تشدد آمیز کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی۔انہوں نے خبردار کیا کہ بن گویر کے اشتعال انگیز اقدامات نفرت اور انتہا پسندی کو ہوا دیتے ہیں اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کی کوششوں میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ وزراء خارجہ نے بن گویر کے اقدامات پر جوابدہی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مسلسل اشتعال انگیزی، نفرت انگیزی اور خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ مزید خطرات پیدا نہ کر سکے، اور یہ یقینی بنایا جائے کہ ایسے اقدامات نہ تو برداشت کیے جائیں اور نہ ہی دوبارہ دہرائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام زیرِ حراست افراد کے وقار اور انسانی سلوک کی ضمانت دی جائے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی قانون کے مکمل احترام کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

