اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کشمیری حریت قیادت کو دبانے اور کشمیری عوام کی آواز خاموش کرانے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے جبکہ یاسین ملک کی صحت مسلسل خراب ہو رہی ہے۔اسلام آباد میں ’’سیو یاسین ملک‘‘ مہم کے سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اب تک کوئی حل نہیں نکلا،پوری دنیا میں بھارت کی دہشتگردی جاری ہے،بھارت نے ارادہ کر لیا ہے کہ یاسین ملک کو شہید کر دیا جائے گا،یاسین ملک کا کوئی وکیل نہیں ہے،یاسین ملک کو مختلف قسم
کی بیماریاں لاحق ہیں،یاسین ملک کی صحت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ21 مئی کو مظفر آباد میں را کے نیٹ ورک نے سکول کے پرنسپل کو شہید کیا، را کا نیٹ ورک دہشتگردی میں ملوث ہے،یو کے میڈیا نے کہا را نے 20 سے زائد افراد کو شہید کیا ہے،کب تک ہمارے شہری را کی دہشتگردی کا شکار ہوتے رہیں گے۔مشعال ملک نے کہا کہ مظفر آباد ٹارگٹ کلنگ کے واقع کے بعد بھارتی میڈیا نے جشن منایا،بھارت نے مظفر آباد میں پرنسپل کے قتل کو پلوامہ کا ماسٹر مائنڈ ٹھہرایا،را کی دہشتگردی کا ہماری طرف سے بھی ردعمل آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ را کی دہشتگردی کے شکار افراد کو اب ہم دفن نہیں کریں گے،ان کی میتوں کو عالمی اداروں کے باہر رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام حکومت سے پوچھ رہی ہے آخر ہم کب تک خاموش رہیں گے،بھارتی میڈیا کو کیوں دو ٹوک جواب نہیں دیا جارہا،مسئلہ کشمیر کے حل تک بات چیت نہیں ہو سکتی۔مشعال حسین ملک نے ’’سیو یاسین ملک‘‘ مہم کا بھرپور ساتھ دینے پر تاجروں اور عوامی حلقوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی جان بچانے اور کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلئے عوامی تحریک کی ضرورت ہے،بھارت کشمیری حریت رہنماؤں کو جعلی مقدمات میں پھنسا کر قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کشمیری نوجوانوں کا خون بہا رہی ہے۔

