اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بطور قائدِ ایوان بدھ کو سینیٹ آف پاکستان میں ”چین۔پاکستان دوستی اور برادرانہ تعلقات کے اعادہ“ کے عنوان سے ایک قرارداد پیش کرنے کا اعزاز حاصل کیا جو پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے پیش کی
گئی۔ بعد ازاں یہ قرارداد سینیٹ کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم نے اس تاریخی موقع پر پاکستان اور چین کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ امنگوں پر مبنی پاکستان-چین تعلقات گزشتہ 75 برسوں کے دوران مسلسل مضبوط ہوئے ہیں جو آج بھی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کےلئے ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے سیاسی، اقتصادی، سٹریٹجک اور عوامی روابط سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کےلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس مشترکہ عزم کو اجاگر کیا کہ اس آہنی دوستی کو آنے والی نسلوں تک مزید مضبوط انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

