اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو بنگلہ دیش کے سرکاری ملازمین کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات کے دوران سپیکر نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرینہ تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح پر رابطوں اور تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا ۔ اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بی این پی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے اپنے دورہ بنگلہ دیش کی تفصیلات بتائیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی اور پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام اور قیادت کی طرف سے پاکستان کی طرف سے محبت اور گرمجوشی کا مظاہرہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اور سفارتی روابط کو بڑھانے کی مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے شرکاء کو بتایا کہ جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا، شفافیت کو یقینی بنانا اور پارلیمانی طریقہ کار
کو جدید بنانا ان کی اولین کوششوں میں شامل ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ قومی اسمبلی مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس پارلیمنٹ بننے کی طرف بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ارکان کو پارلیمانی بزنس، قانون سازی، ایجنڈا اور کمیٹی کی کارروائیوں تک ڈیجیٹل رسائی کی سہولت کے لئے آئی پیڈ فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس اقدام سے نہ صرف کارکردگی اور شفافیت میں بہتری آئے گی بلکہ عوامی وسائل میں بچت اور ماحولیاتی طور پر پائیدار پارلیمانی طریقوں کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ادارہ جاتی کارکردگی، تحقیقی صلاحیت اور قانون سازی کے عمل کو فروغ دینے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو پارلیمانی امور میں ضم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید طرز حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن ضروری ہے۔ بات چیت کے دوران سپیکر نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز ) کے حصول میں پارلیمنٹ کا کردار ضروری ہے۔ انہوں نے تعلیم، صنفی مساوات، موسمیاتی مسائل سے نبردآزما ہونے ، غربت کے خاتمے اور جامع ترقی پر توجہ مرکوز کرنے والی قانون سازی اور پالیسی اصلاحات کے لئے پارلیمنٹ کے عزم پر زور دیا۔ سپیکر نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے، صنفی لحاظ سے حساس قانون سازی اور جمہوری عمل میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو فروغ دینے میں خواتین کی پارلیمانی کاکس کا فعال کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے موثر پارلیمانی نگرانی اور قانون سازی کے ذریعے خواتین کی نمائندگی کو مضبوط بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ وفد نے سپیکر سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی اصلاحات اور ڈیجیٹائز یشن کےاقدامات کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون اور تجربات کے تبادلے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
