اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے جنگ بندی برقرار رکھنے، مزید کشیدگی سے گریز اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی
سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ اس دوران دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس میں پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششوں پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔وزیراعظم نے پاکستان کے امن اقدام کی حمایت پر قطر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازعہ کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔ اس ضمن میں دونوں رہنمائوں نے جنگ بندی برقرار رکھنے، مزید کشیدگی سے گریز اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے لیے اپنی نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا۔

