کوئٹہ( نمائندہ خصوصی) حکومتِ بلوچستان کی جانب سے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی حکومتِ بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے متعدد سرگرمیوں پر 30 روز کیلئے مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسلحہ کی نمائش اور استعمال،
موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، گاڑیوں میں کالے شیشوں کا استعمال، غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت، پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی ہوگی۔حکومت نے عوامی مقامات پر چہروں کو ماسک، مفلر یا کسی بھی ایسے ذریعے سے ڈھانپنے پر بھی پابندی عائد کی ہے جس سے شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو۔محکمہ داخلہ کے مطابق یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور اگلے 30 دن تک مؤثر رہیں گے۔ اعلامیے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


