کوئٹہ۔(نمائندہ خصوصی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں اور ریاست دشمن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لا کر انجام تک پہنچایا جائے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیر اعلی بلوچستان نے لیڈی کانسٹیبل شکیلہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بلوچستان کے امن و استحکام پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ
لیڈی پولیس اہلکار شکیلہ اور ان کے خاندان پر حملہ دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر خواتین، اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کر صوبے میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں، تاہم حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو ہدف بنانا بلوچستان کی علمی، ادبی اور فکری شناخت پر حملے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قلم، شعور اور تعلیم کے دشمن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا اور صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

