اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے چیلنج فیشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اعلیٰ سطحی وفد سے ایک اہم ملاقات کی جس کی قیادت چیئرمین ہوانگ کر رہے تھے۔ ملاقات میں لاہور میں قائم چیلنج سپیشل اکنامک زون (ایس ای زی) کی پیش رفت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مزید مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ جمیل قریشی، ڈائریکٹر جنرل بورڈ آف انویسٹمنٹ محمود طفیل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ چیلنج فیشن کے چیئرمین کے ہمراہ ان کی سینئر ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے جو دونوں جانب سے مضبوط ادارہ جاتی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان کی معیشت پر چیلنج گروپ کے مسلسل اعتماد کو سراہا۔انہوں نے چیلنج سپیشل اکنامک زون کی ترقی کے لیے کمپنی کی نمایاں سرمایہ کاری اور کوششوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کے صنعتی شعبے میں ایک
اہم سنگ میل قرار دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 150 ملین امریکی ڈالر کی مجوزہ سرمایہ کاری برآمدات پر مبنی صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کی کامیابی دیگر بین الاقوامی سرمایہ کاروں خصوصاً چینی کمپنیوں کے لیے ایک مثال بنے گی اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرے گی۔ملاقات کے دوران فریقین نے ایس ای زی کی ترقیاتی صورتحال، انفراسٹرکچر، یوٹیلیٹیز اور ریگولیٹری سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔وفاقی وزیر نے اب تک ہونے والی پیش رفت بشمول ابتدائی کاموں کی تکمیل اور تعمیراتی سرگرمیوں کے آغاز کو سراہا اور باقی ماندہ امور کے بروقت حل کے لیے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔گفتگو میں دیگر ممالک بالخصوص ویتنام کے سپیشل اکنامک زونز کا بھی جائزہ لیا گیا جہاں سادہ اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی بہترین طریقہ کار سے سیکھتے ہوئے اپنی ریگولیٹری اصلاحات کو مزید بہتر بنائے گا تاکہ کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو آسان بنانے، اداروں کے درمیان ہم آہنگی بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو اور سپیشل اکنامک زونز کی ترقی اس وژن کا اہم حصہ ہیں۔وفد نے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور پاکستان کے صنعتی شعبے میں طویل المدتی امکانات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل اور مستقبل میں مزید توسیع کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور چیلنج سپیشل اکنامک زون کو ایک مثالی منصوبے کے طور پر کامیاب بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور پاکستان میں سٹریٹجک سرمایہ کاری منصوبوں کے موثر نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔
