اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات اور روابط کے فروغ کے لیے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی جانب سے کی جانے والی امن کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔دونوں رہنمائوں نے آبنائے ہرمز کی بندش کے عالمی معیشت پر پڑنے والے وسیع تر اثرات پر تبادلہ خیال کیا اور موجودہ صورتحال کے پرامن اور پائیدار حل کی امید ظاہر کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے لیے تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھنے کے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

