اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنی جان کی قربانی دے کر دہشت گرد کو روکنے والے شہید لیاقت علی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید نے ہمت و بہادری کی ایسی مثال قائم کی ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ بدھ کو صدر پاکستان کی طرف سے وزیراعظم کی سفارش پر کوہاٹ کے قریب اپنی جان قربان کرکے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے والے بہادر شہری لیاقت علی کو ستارہ شجاعت ملنے پر اپنے بیان میں
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور پاکستانی عوام نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم سے ارض وطن کی حفاظت کیلئے ملک کا ہر شہری سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے، شہری آبادیوں اور معصوم و نہتے لوگوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد پاکستانی قوم کے بلند حوصلے کو پست نہیں کر سکتے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان سمیت پوری قوم شہید لیاقت علی اور ان کے اہل خانہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم کی سفارش پر صدر مملکت کی طرف سے شہید کیلئے ستارہ شجاعت شہید لیاقت علی کی والدہ نے وصول کیا۔

