لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے” پرامن مستقبل کی تشکیل” کے عنوان سے منسوب یومِ آزادی صحافت پراپنے پیغام میں آزادی صحافت کیلئے جدوجہد کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیاہے-وزیراعلی مریم نواز شریف نے عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر دنیا بھر میں براڈکاسٹنگ اورصحافت سے وابستہ تمام افراد کو سلام پیش کیااور کہاکہ ذمہ داری کے ساتھ آزادی صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد اور پہچان ہے۔آزاد، خودمختار اور ذمہ دار میڈیا ہی حقیقی صحافتی طاقت ہے -آزادی صحافت کے لئے صحافیوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ جمہوریت اور
آزادی صحافت ایک دوسرے سے براہِ راست منسلک ہیں۔صحافت آزاد اور ذمہ دار ہو تو جمہوریت مضبوط ہوتی ہے- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ صحافی برادری کے لیے”اپنے گھر“کا خواب پورا کرنے کیلئے کوشاں ہیں -جمہوریت کی سربلندی کے سفر میں اہل صحافت کے ساتھ ہیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ آزادی صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھی جائے گی۔ سب کو پروپیگنڈہ، فیک نیوزاورافواہ نماخبروں کی نشر واشاعت کے سدباب کا عہد کرنا ہوگا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ صحافی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں باوقار، محفوظ اور سازگار ماحول کا حق رکھتے ہیں۔ صحافیوں کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے-وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ ڈیجیٹل میڈیا کے برق رفتار دور میں بھی مسابقت سچ کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔ عالمی یوم آزادی صحافت پر سچ، ذمہ داری کے ساتھ پیش کرنے کا عہد ضروری ہے۔
