کراچی۔(نمائندہ خصوصی):دفاعی تجزیہ کار اور سابق نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 8 جنگی جہاز اور 83 ڈرونز گرا کر شکست فاش دی اور معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت دنیا میں تنہا ہو گیا ہے۔ معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ اس معرکے نے ثابت کردیا کہ بھارت دہشتگردی کی سرپرستی کرنے والا ملک ہے جو ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے کسی نہ کسی علاقے میں اپنے فوجیوں کو مروا کر پاکستان پر الزام لگاتا ہے جب کہ ان کے پاس کوئی ثبوت بھی نہیں ہوتا۔22 اپریل 2025 کو پہلگام میں بھی ایسا ڈرامہ رچایا گیا اور 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے "گودی میڈیا” کے پروپیگنڈہ کو جھوٹا ثابت کرتے ہوئے اپنے دفاع میں نہ صرف دشمن کے جنگی جہاز مار گرائے بلکہ جہاں سے بھی انہوں نے میزائل اور ڈرونز فائر کئے ہم نے ان کے ایئر بیسز اڑا
کے رکھ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تین دن کے اندر پوری قوم کو یکجا کیا اور اتنے اچھے طریقے سے لڑائی کر کے بھارت کو ذلت آمیز شکست دی اور یہ دنیا میں تنہا ہو گیا۔بریگیڈیئر حارث نواز نے کہا کہ اس جنگ میں کامیابی کے بعد امریکی صدر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس میں بلاکر ان سے بات چیت کی اور بھارت کے جنگی طیارے مار گرانے کا بھی ذکر کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کو معرکہ حق میں بری شکست ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد دنیا پر واضح ہوا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت اور سنجیدہ ملک ہے اور ہماری فوج ایک لڑاکا اور طاقتور فوج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے کے بعد بھارت کے تمام ممالک سے تعلقات خراب ہوئے ہیں۔ آج نہ ان کے ایران سے بہتر تعلقات ہیں، نہ بنگلادیش سے ان کی بن رہی ہے۔ امریکا اور روس کی بھی بھارت سے نہیں لگ رہی جبکہ پاکستان کے امریکا، ایران، سعودی عرب سمیت تمام ممالک سے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ ہم نے معرکہ حق کے بعد سعودی عرب سے دفاعی معاہدہ کیا ہے جبکہ دیگر ممالک بھی اس قسم کا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ہمارے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے اور ٹینکس کی بڑی تعریف ہوئی ہے۔ پاکستان نے الیکٹرانک اور سائبر وارفیئر میں بھی بھارت کو شکست سے دو چار کیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کی سرپرستی کرتا ہے اور پاکستان میں دہشتگردی کی تمام کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے، کلبھوشن یادیو اس بات کا ثبوت ہے جو پاکستان میں دہشتگردی کرتے ہوئے پکڑا گیا اور اس نے اعتراف کیا کہ وہ بھارتی نیوی کا حاضر سروس کمانڈر ہے اور دہشتگردی کے لئے پاکستان آیا تھا۔ بریگیڈیئر حارث نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار ہے
اور ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے کمانڈر نے اعتراف کیا ہے کہ معرکہ حق میں انہوں نے شکست کھائی ہے اور انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم مزید رافیل جہاز خریدیں گے۔ بریگیڈیئر حارث نوازنے کہا کہ جہاز خریدنے سے کچھ نہیں ہوگا کیوں کہ ہماری فوج جذبہ ایمانی سے لڑتی ہے، ہمارے پائلٹ پوری دنیا میں مانے جاتے ہیں۔بھارت میں 900 پائلٹس کی کمی ہے اور ان کی 9 اسکواڈرنس بھی کم ہیں۔ بریگیڈیئر حارث نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں فیلڈ مارشل کو جتنا بھی کریڈٹ دیا جائے وہ کم ہے کیوں کہ وہ ہمت افزائی کرنے والے کمانڈر ہیں اور ان سے ٹروپس انسپائر ہوتے ہیں۔موجودہ امریکا ایران جنگ میں پاکستان کے ثالثی کے کردار پر تبصرے کرتے ہوئے بریگیڈئر حارث نواز نے کہا کہ پاکستان 47 برس سے ایک دوسرے سے جنگ کرنے والے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لے آیا ہے اور ثالثی کا اہم کام کر رہا ہے ۔ امریکا اور ایران دونوں پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے حکمران پاکستان کی قیادت اور فیلڈ مارشل کی تعریفیں کر رہے ہیں یہ معرکہ حق کے بعد ہی ممکن ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب کسی ملک کے حکمران یا عالمی رہنما کا دورہ ہوتا تھا تو بھارت دہشتگردی کا ڈراما رچا کر الزام پاکستان پر لگاتا تھا۔انہوں نے اڑی، پہلگام اور بالاکوٹ کے واقعات کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے ان ڈراموں میں اپنے 42 فوجی بھی مروا دیئے تاکہ الزام پاکستان پر لگا سکیں۔انہوں نے کہا کہ جو ملک اور اس کا آرمی چیف اپنے 42 فوجی مروا دے اس کی فوج کا کیا حال ہوگا۔ بریگیڈیئر حارث نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں امریکا-ایران بات چیت کا پہلا دور ہو رہا تھا تو ہمیں اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ بھارت پھر فالس فلیگ آپریشن کرنا چاہتا ہے اور ہم نے ان کی منصوبہ بندی کو بے نقاب کردیا جس کے بعد وہ نہیں کر پائے۔ بریگیڈئر حارث نے کہا کہ اگر بھارت آپریشن سندور جیسی کوئی حرکت دوبارہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ ہم ان کا 50 سے 60 فیصد اقتصادی نقصان کریں گے، کلکتہ میں ان کی رفائینریاں ہمارے نشانے پر ہیں اور ان کی نسلیں یاد رکھیں گی کیوں کہ بھارت کا ایک ایک انچ ہمارے میزائل رینج پر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ہماری میزائل ٹیکنالوجی جدید ترین ہے اور یہ بھارت کو اچھی طرح معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دہشتگردوں کی 24 تنظیموں سے اکیلے لڑ رہا ہے اور اب دنیا کو پتہ چل گیا ہے کہ وہ بھارت ایک دہشتگرد ملک ہے۔ اس ملک نے کینیڈا میں سکھ لیڈر کو مروا دیا، امریکا میں سازش کی جو پکڑی گئی، پاکستان کے اندر انہوں نے 21 کے قریب شہریوں کو شہید کیا، برطانیہ اور آسٹریلیا میں بھی ایسی ہی کارروائیاں کیں اور بلوچستان میں دہشتگردی کا خود اعتراف کرتے ہیں۔ اس کے برعکس ہمارا سافٹ امیج قائم ہوا ہے، امریکا کے نائب صدر اور مذاکراتی ٹیم یہاں پر آئی کیوں کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، ہمارا ملک سرمایہ کاری کے لئے بھی محفوظ ہے۔

