اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):قائم مقام صدرِ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے یومِ شہداء کے موقع پر وطنِ عزیز کے عظیم شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا امن، سلامتی اور جمہوری تسلسل اس کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کی قربانیوں کی بدولت قائم ہے۔اپنے پیغام میں قائم مقام صدر نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دفاعِ وطن میں دی جانے والی قربانیاں محض نظریات نہیں بلکہ قوم کے لئے ایک زندہ حقیقت ہیں۔انہوں نے کہاکہ میدانِ جنگ سے لے کر ہماری گلیوں اور شہروں تک ہمارے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ اس لئے دیا تاکہ پاکستان وقار اور عزم کے ساتھ قائم رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دکھائی جانے والی ہمت و استقامت نے ریاست کی رٹ کو فیصلہ کن طور پر مستحکم کیا اور انتہا پسندی و عدم استحکام کی قوتوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے شہداء نے صرف جغرافیائی حدود کا دفاع
نہیں کیا بلکہ انہوں نے نظریہِ پاکستان، آئینی نظام اور عوام کے پرامن زندگی گزارنے کے حق کا تحفظ کیا۔شہداء کے خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے ان کی بے مثال ہمت اور قربانی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم ہر سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہم ان کی قربانیوں کو محض الفاظ میں نہیں بلکہ غیر متزلزل قومی عزم اور اتحاد کے ذریعے یاد رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ قائم مقام صدر نے مزید کہا کہ یومِ شہداء محض یاد منانے کا دن نہیں بلکہ یہ قومی تجدیدِ عہد کا لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط بنا کر، قانون کی حکمرانی کو مقدم رکھ کر اور اپنے استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی تمام قوتوں کے خلاف متحد رہ کر شہداء کے اعتماد کو آگے بڑھانا ہوگا۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے اپنے پیغام کا اختتام کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی طاقت کا سنگِ بنیاد رہیں گی۔

