راولپنڈی( نمائندہ خصوصی):مال روڈ کے اہم ترین مقام بگی پارک میں ’’معرکہ حق‘‘ کی یادگار تیزی سے تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور بہت جلد اسے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، یہ یادگار گزشتہ سال مئی میں ہونے والے تاریخی معرکہ حق (آپریشن بنیان المرصوص) میں شہداء و غازیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تعمیر کی جا رہی ہے۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے زیر نگرانی منصوبے پر کام برق رفتاری سے جاری ہے، یادگار کو جدید اور منفرد طرز تعمیر کے ساتھ نمایاں بلندی دی گئی ہے تاکہ یہ جی ٹی روڈ، کچہری چوک اور مال روڈ سمیت تینوں بڑی شاہراہوں سے واضح طور پر نظر آئے اور شہر کا ایک نمایاں لینڈ مارک بن سکے۔ منصوبے کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اسے بگی پارک کے موجودہ رقبے کے اندر ہی بغیر کسی اضافی اراضی حاصل کیے تعمیر کیا جا
رہا ہے جس سے شہری انفراسٹرکچر کو متاثر کیے بغیر ایک بڑی یادگار قائم کی جا رہی ہے۔یہ یادگار قومی یکجہتی، استقامت اور مشکل حالات میں متحد ہو کر کھڑے رہنے کے جذبے کی عکاس ہو گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ’’معرکہ حق‘‘ کی یہ یادگار نہ صرف راولپنڈی کے شہری منظرنامے میں ایک خوبصورت اضافہ ثابت ہو گی بلکہ نئی نسل کے لیے بھی قربانی، بہادری اور حب الوطنی کی عملی یاد دہانی بنے گی۔ واضح رہے کہ آپریشن "بنیان مرصوص“ دنیا کی عسکری تاریخ کا ایک کامیاب ترین آپریشن ثابت ہوا جس میں پاک افواج نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جدید حکمت عملی اور بھرپور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ بری اور فضائی محاذوں پر مربوط کارروائیوں کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جبکہ پاکستان نے نہ صرف اپنی سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا بلکہ عالمی سطح پر اپنی عسکری برتری اور دفاعی صلاحیت کا لوہا بھی منوایا۔ اس معرکے میں شہید ہونے والے جوانوں کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں جبکہ غازیوں کی جرات و بہادری ملکی تاریخ کا روشن باب سمجھی جاتی ہے۔

