لاہور( نمائندہ خصوصی)پنجاب اسمبلی میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمع کرا دی گئی۔ قرارداد چیف وہپ مسلم لیگ (ن) رانا محمد ارشد نے ایوان میں جمع کروائی۔ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان اس امر کا برملا اعتراف کرتا ہے کہ وطنِ عزیز پاکستان کو دہشت گردی جیسے ناسور سے پاک کرنے کے لیے ریاستی اداروں، افواجِ پاکستان اور حکومتِ پاکستان نے مثالی عزم، مثر حکمت عملی اور عظیم قربانیوں کا مظاہرہ کیا۔قرارداد میں بالخصوص آپریشن بنیان مرصوص کے کامیاب آغاز اور اس کے تسلسل کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔ متن کے مطابق 16 دسمبر 2014 کے سانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد محمد نواز
شریف نے عہد کیا تھا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔قرارداد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومتِ پاکستان کی انتھک کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے قومی سلامتی کے اس اہم مشن کو بھرپور عزم کے ساتھ آگے بڑھایا۔متن میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں آپریشن بنیان مرصوص کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور یہ آپریشن اب بھی کامیابی سے جاری ہے جبکہ دشمن عناصر کو موثر جواب دیا جا رہا ہے۔قرارداد میں آپریشن غضب للحق کو بھی سراہا گیا ہے۔ متن کے مطابق غضب للحق کے تحت افغانستان میں موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں اور یہ پاکستان کے دفاع اور امن کے لیے نہایت اہم ہیں۔ اس کے ذریعے دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور
سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ایوان نے معرکہ حق کی کامیابی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کا تشخص ایک مضبوط، پرامن اور ذمہ دار ریاست کے طور پر مزید مستحکم ہوا۔قرارداد میں حکومت پنجاب کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، خصوصا وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیا گیا۔ متن میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات نے صوبے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔