اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت جمعہ کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا ۔ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی دباؤ کے باوجود ملک میں فرٹیلائزر کی قیمتوں کا مستحکم رہنا خوش آئند ہے ، حکومتی اقدامات کے باعث مہنگائی میں بتدریج استحکام آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے
کرایوں میں اضافہ نہیں ہوا ، مرغی کی قیمتیں خلیج جنگ سے پہلی صورتحال پر آگئیں ہیں ۔احسن اقبال نے کہا کہ پولٹری سیکٹر میں قیمتوں کے استحکام کے لیے کولڈ چین انفراسٹرکچر کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ کولڈچین سے متعلق تجاویز پانچ دن میں مرتب کی جائیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ دیہی علاقوں میں غیر معیاری گھی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی بھرمار پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، قیمتوں میں استحکام کے لئے تمام صوبائی اور وفاقی ادارے چوکس رہیں اور اشیائے ضروریہ کا وافر ذخیرہ یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے ہفتہ وار قیمتوں کی مانیٹرنگ پر ادارہ شماریات اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کی تعریف بھی کی ۔
