اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):ٹیکنالوجی سروس کمپنی زونگ نے سام سنگ کے ساتھ ایک اہم شراکت داری قائم کی ہے جس کے تحت ایک خصوصی شاپ اِن شاپ اور ٹریڈ اِن پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستان بھر میں فائیو جی سے ہم آہنگ سام سنگ سمارٹ فونز کی دستیابی اور استعمال میں اضافہ کرنا ہے۔اس کا آغاز اسلام آباد اور لاہور کے منتخب کسٹمر سروس سینٹرز سے کیا جا رہا ہے۔جمعرات کو جاری بیان کے مطابق شاپ اِن شاپ، صارفین کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں وہ فائیو جی کی حامل جدید ترین سام سنگ ڈیوائسز کی خریداری کر سکتے ہیں۔ زونگ کے کسٹمر سروس سینٹرز میں مخصوص تجرباتی زونز کے قیام کے ذریعے صارفین کو سام سنگ کے فائیو جی فلیگ شپ پورٹ فولیو کے ساتھ براہِ راست لین دین کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ فزیکل ریٹیل ماڈل صارفین کو لائیو نیٹ ورک ماحول میں نیکسٹ جنریشن کی ڈیوائسز کا تجربہ اور بہتر فیصلہ سازی کے قابل بناتا ہے۔زونگ نے فائیو جی کی
جانب منتقلی کو مزید تیز کرنے کے لئےسام سنگ کے اشتراک سے ایک کم لاگت ٹریڈ اِن پروگرام بھی متعارف کرایا ہے جس کے تحت صارفین اپنی پرانی اور نان۔فائیوجی ڈیوائسز کو نئے فائیو جی والے اسمارٹ فونز کے ساتھ تبدیل کر سکتے ہیں جس سے پرانی ڈیوائس والے صارفین کے لئے فائیو جی کے استعمال میں حائل رکاوٹ ختم ہوجائے گی۔ یہ پروگرام مقامی مارکیٹ میں نیٹ ورک کی تیاری اور ڈیوائس کی دستیابی کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے لئے کمپنی کی حکمت عملی کا ایک اہم ستون ہے۔ زونگ کے ہیڈ آف مارکیٹنگ ساجد منیر نے کہا ہے کہ سام سنگ کے ساتھ ہماری شراکت داری پاکستان میں فائیو جی کے ایک مضبوط ایکو سسٹم کی تشکیل کی جانب فعال قدم ہے، اپنے سنٹرز میں فائیو جی ہینڈ سیٹس تک براہِ راست رسائی اور آسان ٹریڈ اِن سہولت فراہم کرکے ہم صارفین کو نیکسٹ جنریشن کی کنکٹیویٹی کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنا رہے ہیں، یہ اقدام ملک بھر میں ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے اور تکنیکی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے ہمارے عزم کا عکاس ہے،سام سنگ کے ساتھ یہ تعاون ایک ہی چھت تلے سستی اور پریمیم دونوں اقسام کے فائیو جی سمارٹ فونز تک رسائی کو وسعت دینے پر مرکوز ہے۔کنکٹیویٹی سروسز اور ڈیوائس تک رسائی کو ایک ہی مقام پر یکجا کرکے، زونگ قومی ڈیجیٹل ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور اپنے صارفین کو بغیر رکاوٹ فائیو جی ٹیکنالوجی کی جانب منتقل کرنے میں اپنا کردار مضبوط بنا رہا ہے۔ شاپ اِن شاپ اور ٹریڈ اِن سہولیات اس وقت اسلام آباد اور لاہور کے کسٹمر سروس سینٹرز میں دستیاب ہیں جس کے ذریعے اہم شہری مراکز میں فائیوجی ٹیکنالوجی تک مقامی سطح پر رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ زونگ ملک بھر میں ان سہولیات کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے تاکہ فائیو جی ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

