کوئٹہ( نمائندہ خصوصی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کی سربراہی میں بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی امور، آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)کی ترجیحات کو عوامی ضروریات سے ہم
آہنگ کیا جائے گا تاکہ صوبے کی حقیقی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ٹریژری اور اپوزیشن دونوں عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور عوامی مفاد کی ہر مثبت تجویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی پارلیمانی روایات اور صوبائی اقدار کا خوبصورت امتزاج ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپوزیشن اراکین کے پارلیمانی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ صبر و تحمل اور اعلی اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ باہمی احترام اور بھائی چارے کی یہی روایات بلوچستان اسمبلی کو دیگر پارلیمانوں سے ممتاز بناتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے مثبت اور تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور عوامی مفاد کی قابلِ عمل ترقیاتی اسکیموں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر اور دیگر اراکین نے وزیر اعلی کے مثبت کلمات اور پارلیمانی رویے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میر سرفراز بگٹی اپوزیشن کے آئینی و پارلیمانی تقدس کا احترام کرتے ہوئے مثبت تنقید کو کشادہ دلی سے قبول کرتے ہیں۔

