اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت کورنگی فشریز ہاربر بورڈ کے اجلاس میں کورنگی فشریز ہاربر پرچھوٹے ماہی گیروں کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کیا گیا۔ ہفتہ کو وزارت بحری امور کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فشریز ایکسپورٹ کو بہتر بنانے کیلئے فلوٹنگ جیٹی کی تعمیر کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلوٹنگ جیٹی کی تعمیر پر 12 کروڑ روپے لاگت آئے گی،فلوٹنگ جیٹی کا منصوبہ
جون 2026 تک مکمل ہو جائے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جیٹی کی تعمیر سے کم پانی والے علاقوں میں آپریشنز بہتر ہوں گے، ماہی گیروں کیلئے محفوظ اور آسان رسائی یقینی بنائی جائے گی، منصوبے سے ماہی گیروں کے اخراجات میں کمی آئے گی۔ وفاقی وزیر بحری امورجنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ منصوبہ ساحلی آبادی کیلئے نئے معاشی مواقع پیدا کرے گا، کیچ مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے پائیدار ماہی گیری کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس سے کورنگی فشریز ہاربر کی کارکردگی میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
