بیجنگ( نمائندہ خصوصی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا اہم مظہر ہیں، اور فنونِ لطیفہ عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیجنگ پیس گارڈن میوزیم میں’’اپنائیت کے سائے‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کا انعقاد پاکستانی سفارتخانے نے بیجنگ
پیس گارڈن عجائب گھر اور آئی بی آئی گوولیان گوفان کے تعاون سے پاکستان۔چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے کیا۔اس موقع پرسفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں کے دوران پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات کی منفرد مثال قائم کی ہے، جبکہ دونوں ممالک کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فن اور ثقافت دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہیں، اور یہ نمائش اسی مشترکہ ثقافتی ہم آہنگی کی عکاس ہے۔ انہوں نے پاکستانی فنکارہ نازیہ آکرم کی تخلیقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے فن پارے پاکستان کی ثقافتی روح اور روزمرہ زندگی کی خوبصورت عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے موسیقار وانگ لانگ کی موسیقی کو بھی نمائش کا اہم حصہ قرار دیا۔اس موقع پر نازیہ اکرم نے کہا کہ “اپنائیت کے سائے” محض ایک تصویری نمائش نہیں بلکہ ایک ثقافتی مکالمہ ہے، جو پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تفہیم اور فنی تبادلوں کے مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔تقریب میں مختلف شخصیات، فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد، میڈیا نمائندگان اور ثقافتی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ شرکاء نے تصویری نمائش اور موسیقی کو بھرپور سراہا۔

