لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے کامیاب دورے کے بعد ہفتے کی سہ پہر لاہور پہنچ گئے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایئرپورٹ پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور سینئر ایڈوائزر پنجاب علی ڈار نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف
کا استقبال کیا۔ وزیرِ اعظم نے تین روزہ دورۂ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دوران تینوں برادر ممالک کی قیادت سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیرِ اعظم نے برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کی مزید مضبوطی، خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں اور خطے و عالمی صورتحال پر عالمی رہنماؤں سے تبادلۂ خیال کیا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیرِ اعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی بھی دورے کے دوران وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کے وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سفیر تولگا برمیک ، سفیر نیلوفر کیگسیز , ترکیہ کی پارلیمان کے رکن برہان قایاترک اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
