اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) نے ملک کے بھرپور ثقافتی ورثے کے تحفظ، فروغ اور ترویج کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔پی این سی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ثقافتی ورثہ قومی شناخت کا ایک اہم جزو ہےجو نہ صرف عوام کواپنی جڑوں سے جوڑے رکھتا ہے بلکہ قومی کردار اور اجتماعی شعور کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ کونسل نے اس امر پر زور دیا کہ یہ ورثہ
ایک زندہ سرمایہ ہے جسے محفوظ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔بیان کے مطابق پی این سی اے اپنے مختلف شعبہ جات، خصوصاً ہیریٹیج ڈویژن کے ذریعے روایتی فنون، رسوم و رواج اور ثقافتی اظہار کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے،ان کوششوں کا مقصد ملک کے ثقافتی تنوع کو برقرار رکھنا اور آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ثقافتی ورثے کا تحفظ صرف ادارہ جاتی
ذمہ داری نہیں بلکہ ایک اجتماعی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوان نسل کو اس عمل میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی نسل ثقافتی اقدار کو زندہ رکھنے اور انہیں آگے منتقل کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔پی این سی اے نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے ثقافتی منظرنامے کی خوبصورتی اور تنوع
کو اجاگر کرنے کے لیے بامقصد پلیٹ فارمز فراہم کرتا رہے گا۔ ساتھ ہی شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے ثقافتی ورثے پر فخر کریں اور اس کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کریں۔
