اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے کہ امریکا۔ ایران جنگ بندی کی کامیاب کاوشوں پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو ساری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس نازک وقت میں امت
مسلمہ کی قیادت کا حق ادا کردیا ہے۔بدھ کو امریکا ایران جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کی تاریخی سفارتکاری پر اپنے بیان میں سردار عتیق نے کہا کہ تاریخ میں قومیں اختلاف اور انتشار سے نہیں بلکہ مشترکہ قومی مقاصد میں اتحاد، وحدت اور یکجہتی سے سرخرو ہوتی ہیں،امریکی صدر کا اعلان جنگ بندی اور ایرانی قیادت کے تعاون کا عندیہ نہایت خوش آئند ہے۔سردار عتیق نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ خدانخواستہ آگے بڑھی تو اسے تیسری عالمی جنگ بننے سے نہیں روکا جاسکتا،جنگ بندی کے ضمن میں پاکستان کی سفارتکاری ناصرف اہل پاکستان بلکہ دنیا اسلام کے لیے قابل فخر ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی مدبرانہ کامیاب سفارتی کاوشوں نے ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے،امریکہ ایران جنگ بندی دو ملکوں کا نہیں دنیا کو دو تہذیبوں کے تصادم سے بچانے کا سوال ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ قدرت کی طرف سے یہ سنہری موقع ملا ہے کہ اہل پاکستان اپنے داخلی، سیاسی، جماعتی اور گروہی اختلافات سے بالا تر ہوکر ایک عظیم ملت ہونے کا ثبوت دیں۔
