اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے بدھ کا دن پاکستان کی تاریخ کے سب سے اہم دنوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئ کہا ہے کہ اس دن پاکستان کی ایران اور امریکہ کے درمیان سیز فائر کرانے کی سفارتی کوششیں کامیاب ہوئیں ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہے جس نے پاکستان، اس کی قیادت اور اس کے عوام کو یہ اعزاز بخشا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان امن کے فروغ میں کامیاب ہوتا رہے گا اور ایک پرامن دنیا میں اس کا جھنڈا بلند رہے گا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایک روز پہلے صورتحال بہت سنگین تھی جب دونوں ممالک
کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا تھا لیکن پاکستان کی فعال سفارتکاری کی وجہ سے صورتحال بہتر ہو گئی۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کریڈٹ دیا کہ ان کی مسلسل کوششوں کی بدولت سیز فائر ہوا اور پاکستان کے کردار کی طرف پوری دنیا کی توجہ مبذول ہوئی۔انہوں نے قوم، صدر مملکت آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف،اتحادی جماعتوں کے قائدین کو مبارکباد پیش کی کہ ان کی قیادت اور تعاون کی بدولت سفارتی نقطہ نظر پر توجہ مرکوز رہی۔وفاقی وزیر نے تمام سیاسی جماعتوں، بشمول اپوزیشن کی طرف سے دکھائی گئی یکجہتی کی تعریف کی اور کہا کہ پوری قوم نے امن کے لئے ایک ہی آواز میں بات کی۔انہوں نے زور دیا کہ خطے اور دنیا کے لئے امن ہی واحد راستہ ہے خصوصاً اس وقت جب تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم اس معاملے پر نیشنل اسمبلی کو بھی بریفنگ دیں گے۔یکجہتی کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اختلافات کو ایک طرف رکھیں اور واضح پیغام دیں کہ پاکستان امن اور استحکام کا حامی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے بھی احتجاج کے پروگراموں پر نظرثانی کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ اس وقت قومی یکجہتی کی ضرورت ہے کیونکہ پوری دنیا بغور دیکھ رہی ہے،دنیا سے مہمان یہاں آرہے ہیں اور مہمانوں کی تواضع تمام گھر والے مل کر کرتے ہیں۔

